حیدرآباد، 23؍ نومبر (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، شعبہ
عربی کے ریسرچ اسکالرز اور دیگر طلبہ کی انجمن ’’المنتدی العربی‘‘(عربک
لٹریری فورم) کے زیر اہتمام اورشعبہ کے اساتذہ کی سرپرستی میں منگل 24؍
نومبر 2015 کو سید حامد لائبریری آڈیٹوریم میں ایک روزہ قومی سمینار کا
اہتمام کیاجارہا ہے۔ اس کا مرکزی موضوع ’’عربی کے بنیادی مصادر کا تعارف
اور بحث وتحقیق میں ان کا کردار‘‘ ہے۔
سمینار کی افتتاحی نشست ڈاکٹر محمد اسلم پرویز، وائس چانسلر اردو
یونیورسٹی کی صدارت میں صبح دس بجے شروع ہو گی۔ اس موقع سے پروفیسر محسن
عثمانی ندوی کلیدی خطبہ پیش کریں گے اور پروفیسر مجیب الرحمن، صدر شعبہ
عربی، جے این یو، دہلی مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔
موجودہ
الکٹرانک دور میں جہاں انٹرنیٹ اورڈیجیٹل لائبریریوں کے فروغ نے
تحقیق کے عمل میں آسانیاں پیدا کردی ہیں وہیں لمحہ فکریہ ہے کہ جدید وسائل
سے استفادہ کے رجحان نے ثانوی مراجع اور غیر تحقیق شدہ تحریروں کو اولین
حیثیت دے دی ہے اور بنیادی مصادر ومراجع کی اہمیت کو کم کردیاہے۔ ضرورت ہے
کہ دور حاضرکی تحقیقات میں بنیادی مصادر کی اہمیت ومعنویت کو اجاگرکیا
جائے۔ اسی پس منظر میں، اس موضوع کے تحت متعدد ذیلی موضوعات پرمختلف
یونیورسٹیز کے تقریبا40 ریسرچ اسکالرز اپنے مقالات پیش کریں گے۔
اس سمینار کا بنیادی مقصد طلبہ کو نادر علمی خزانوں سے متعارف کرانا اور
ان میں موجود بیش بہافوائد سے انہیں روشناس کرانا ہے تاکہ وہ اپنے تحقیقی
اور علمی کاموں کے لیے ان سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کرسکیں۔